12 اکتوبر ، 2023
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی وجہ سے ہوٹلز کے کرایوں میں اضافہ کیا ہوا شائقین مبینہ طو ر پر میچ دیکھنے کیلئے اسپتالوں میں بکنگ کروانے پہنچ گئے ۔
ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا اہم میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونا ہے جس کے لیے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پرپہنچ گیا ہےجبکہ شہر میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے میچ کا بخار اسپتالوں تک پہنچ گیا، شہر کے اسپتالوں میں شائقین کرکٹ کا رش لگ گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے بڑے میچ سے پہلے اسپتالوں میں مبینہ مریضوں کے بکنگ کی تعداد بڑھ گئی،شائقین کرکٹ میچ سے ایک دن پہلے اسپتالوں میں بکنگ کروانے لگ گئے۔
خیال کیا جارہا ہے کہ مبینہ مریض ہوٹل کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے اسپتال میں رک کر پاک بھارت میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔
احمد آباد میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق کچھ کیسز ایسے آئے ہیں جو میچ کے لیے آئے شائقین میڈیکل چیک اپ کا کہہ کر اسپتال میں بکنگ کا پوچھ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے کیسز کو لینے سے انکار کی ہدایت کر دی جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسپتال مریضوں کے علاوہ کسی افراد کو داخل کروانے کے لیے نہیں بنے۔
دوسری جانب احمد آباد میں پاک بھارت میچ کے جعلی ٹکٹس بھی فروخت ہونے لگے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاک بھارت کے جعلی ٹکٹ 25 گنا مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں تاہم بھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ٹکٹ بیچنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ احمد آباد میں ہوائی جہازوں کے کرایوں میں بھی 4 گنا اضافہ دیکھا گیا ہے البتہ بھارتی ریلوے نے ممبئی اور احمد آباد کے درمیان 2 سپر فاسٹ ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ پاک بھارت میچ کے دن شہر میں ڈرونز کے اڑانے پر مکمل پابند ی لگائی گئی ہے جبکہ میچ والے دن 11 ہزار سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔