13 اکتوبر ، 2023
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہےکہ ورلڈکپ میں اب تک اس طرح بیٹنگ نہیں کی جیسےکرنی چاہیے۔
پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پریس کانفرنس میں بابراعظم نے کہا کہ ماضی میں جو ہو گیا اس پر توجہ نہیں ہوتی، جو حال میں ہو اس پر توجہ ہے،کوشش ہو گی کہ کل کے میچ میں اچھی پرفارمنس دیں۔
نسیم شاہ نے ایشیاکپ میں متاثرکن بولنگ کی، کمی محسوس کریں گے: بابر اعظم
پاکستان کی بولنگ لائن پر بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ نسیم شاہ نے ایشیاکپ میں متاثرکن بولنگ کی ورلڈکپ میں ان کی کمی محسوس کریں گے، شاہین آفریدی پر یقین ہے وہ بڑے میچ کا بولر ہے، ایک دو میچز میں اوپر نیچے پرفارمنس ہوگئی اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوالیہ نشان آگیا، پاکستان کو اگر ورلڈ کپ جیتنا ہے تو فیلڈنگ بہتر ہونی چاہیے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں اب تک اس طرح بیٹنگ نہیں کی جیسےکرنی چاہیے، بیٹرکی حیثیت سے بھارت کے بولرز کو اچھا کھیلنےکی کوشش کرتے ہیں،کل میچ کا رزلٹ کیا ہوتا ہےاس کا نہیں معلوم، ہم پر اعتماد ہیں لیکن کبھی نہیں سوچا کہ بھارت کے خلاف میچ کی وجہ سےکپتانی چلےگی، مجھے ایک میچ کے لیےکپتانی نہیں ملی، قسمت میں ہوگا تو میں کپتانی کرتا رہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں پربڑےاسٹیڈیم کا دباؤ نہیں، مجھے امید ہے حیدرآباد کی طرح یہاں بھی فینزکی سپورٹ ملےگی، بولرز کے پاس مارجن کم ہے، بولرزکو کہا ہے لینتھ پرقابو رکھیں، بھارت کے ٹاپ آرڈر کو کیسے آؤٹ کرنا ہے اس کےلیے پلان کرتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں ہم نے بھارت کو ہرایاہے ایسا نہیں کہ یہاں ہم نہیں ہراسکتے۔