Time 14 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کے خلاف جنگ میں حماس کا ساتھ دینے کیلئے ’مکمل طور پر تیار ہیں‘: حزب اللہ

اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے: ایرانی وزیر خارجہ— فوٹو: فائل
اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے: ایرانی وزیر خارجہ— فوٹو: فائل

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں حماس کا ساتھ دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیروت کے مضافات میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئےحزب اللہ کے نائب رہنما نے کہا کہ وہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں حماس کا ساتھ دینے کیلئے ’مکمل طور پر تیار‘ ہیں۔

 حزب اللہ کے نائب رہنما کا کہنا تھا کہ  وہ ’وقت آنے پر‘ مداخلت کریں گے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ہمسایہ ملک لبنان کا دورہ کرکے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے متنبہ کیا کہ غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری جنگی جرائم بلاشبہ اجتماعی ردعمل کا باعث بنیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے حزب اللہ کی طرف ممکنہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے۔

مزید خبریں :