پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2023

4 حاضر سروس فوجی افسران کی خدمات نیب کے سپرد

بریگیڈیئر محمد خالد کو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ کرنل ندیم مظفر ایڈیشنل ڈائریکٹر، ملٹری انٹیلیجنس کور سے میجر ولید خالد اور میجر قیس کامران ڈپٹی ڈائریکٹر نیب مقرر کیے گئے گئے ہیں/ فائل فوٹو
بریگیڈیئر محمد خالد کو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ کرنل ندیم مظفر ایڈیشنل ڈائریکٹر، ملٹری انٹیلیجنس کور سے میجر ولید خالد اور میجر قیس کامران ڈپٹی ڈائریکٹر نیب مقرر کیے گئے گئے ہیں/ فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے 4 حاضر سروس فوجی افسران کی خدمات قومی احتساب بیورو (نیب) کے سپرد کردیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سول، عسکری اور پولیس افسران کے تقرر وتبادلے کیے گئے ہیں جب کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے پاک فوج کے 4 حاضر سروس افسران کی خدمات سیکنڈمنٹ کی بنیاد پر نیب کے سپرد کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بریگیڈیئر محمد خالد کو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ کرنل ندیم مظفر ایڈیشنل ڈائریکٹر، ملٹری انٹیلیجنس کور سے میجر ولید خالد اور میجر قیس کامران ڈپٹی ڈائریکٹر نیب مقرر کیے گئے گئے ہیں۔

سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 21 کے ڈائریکٹر جنرل ایوان صدر ڈاکٹر ذوالفقار حسین اعوان کا تبادلہ منسوخ کرکے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 20 کے 2 او ایس ڈیز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نیلوفر حفیظ اور جمیل احمد خان جوائنٹ سیکرٹریز انڈسٹریز ڈویژن تعینات یے گئے ہیں۔

یڈمنسٹریٹو سروس کے افسران میں گریڈ 20 کے کیپٹن( ر) محمد عثمان کی خدمات نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی، خیبرپختونخوامیں تعینات گریڈ 18 کے آصف رحیم کی خدمات کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، انفارمیشن گروپ گریڈ19 کی حنا خالد کی خدمات نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے سپرد کی گئی ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نائلہ باقر جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لخمیر کا سینٹ سیکرٹریٹ تبادلہ کیا گیا ہے۔

پولیس سروس کے گریڈ 19 کے ایس ایس پی حسن مشتاق سکھیرا کی خدمات انٹیلیجنس بیورو کے سپرد جب کہ گریڈ 18 کی ایس پی حنا منور کا نیشنل پولیس اکیڈمی تبادلہ کیا گیا ہے۔

او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن گریڈ 18 کے ایس پی بقا محمد کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کی گئی ہیں، تقرر کی منتظر عتیقہ عمار سیکشن افسر ریاست و سرحدی امور ڈویژن، سیکشن افسر محمد برہان کاتبادلہ مذہبی امور ڈویژن، سیکشن افسر محمد اسماعیل کا دفاع ڈویژن، سحرش مزاری کا تبادلہ بطور سیکشن افسر کابینہ ڈویژن کیا گیا ہے۔

سیکشن افسر دفاع ڈویژن حسیب سجاد کی خدمات نادرا ریجنل ہیڈ آفس پشاور کو واپس کر دی گئی ہیں۔

نوٹ: یہ خبر 14 اکتوبر 2023 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی

مزید خبریں :