15 اکتوبر ، 2023
بھارتی طیارے نے کراچی ائیرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوران پرواز مسافر کو مرگی کے دورے پڑنا شروع ہوئے جس پر بھارتی طیارے کے پائلٹ نے پاکستانی ائیرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور پھر کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
بھارتی طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارہ ہفتہ کو 12 بجکر 28 منٹ پر لینڈ ہوا تھا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز اور سی اے اے کے ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے تھے اور مسافرکو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارہ 2 گھنٹے سے زائد کراچی ائیرپورٹ پر رکا رہا،مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں تھی،بروقت طبی امداد ملنے پر مسافر کی طبیعت بہتر ہونے پر پرواز کو روانہ کیا گیا۔