16 اکتوبر ، 2023
ہفتے کو ہونے والے پاک بھارت میچ کے بعد پاکستان کی شکست پر اسرائیل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی جس میں بھارتی جیت کا جشن منایا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی زیرقیادت اسرائیلی حکومت کے ایکس اکاؤنٹ سے احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے بعد پیغام جاری کیا گیا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے لیے طنز بھی تھا۔
اس اکاؤنٹ سے کراؤڈ میں موجود بھارتی مداح کی تصویر پر ردعمل دیا گیا جس نے اسرائیل کی حمایت کا پوسٹر اٹھا رکھا تھا۔
تصویر پر اپنی ٹوئٹ میں حکومتی اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ 'ہم بھارتی دوستوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کے اظہار سے متاثر ہوئے ہیں'۔
ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’ہم خوش ہیں کہ ورلڈکپ کے دوران بھارت نے پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ میں فتح حاصل کی اور پاکستان اپنی فتح حماس دہشتگردوں کے نام کرنے کے قابل نہ ہو سکا‘۔
مذکورہ بھارتی مداح کی یہ تصاویر بھارت میں اسرائیلی سفیر ناؤر گیلون نے شیئر کی تھیں، مداح کے پکڑے پوسٹر میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں سری لنکا سے 6 وکٹوں سے تاریخی فتح کے بعد اس میچ میں 131 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے والے محمد رضوان نے اپنی یہ جیت غزہ کے مسلمانوں کے نام کی تھی۔
بعدازاں بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا سمیت کئی بھارتی صارفین نے اس ٹوئٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے کارروائی کرنے کا کہا تھا۔
تاہم آئی سی سی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'یہ کھیل کے میدان اور آئی سی سی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے'۔
ترجمان آئی سی سی نے مزید کہا کہ ’فرد اور ان کے بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ اپنے انفرادی پلیٹ فارم کو کس طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں‘۔