Time 16 اکتوبر ، 2023
دنیا

ہماری دعائیں بمباری کا نشانہ بننے والے غزہ کے شہریوں کیلئے ہیں: فرانسیسی فٹبالر

کریم بینزیما نے سوشل میڈیا پر غزہ کیلئے دعائیہ پوسٹ لکھی۔
کریم بینزیما نے سوشل میڈیا پر غزہ کیلئے دعائیہ پوسٹ لکھی۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کریم بینزیما نے بھی اسرائیلی بربریت کا شکار فلسطینی عوام کے حق میں بیان جاری کیا ہے۔

صیہونی فورسز کی جانب سے گزشتہ 9 روز سے غزہ پر شدید بمباری کی جا رہی ہے جس میں اب تک 2600 سے زائد افراد شہید اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے سیز فائر کے مطالبے کے باوجود اسرائیلی فورسز غزہ پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں اور میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے مزید علاقے پر قبضے کا پلان بنایا ہے جسے حتمی شکل دینے کے لیے اسرائیل نے محصور غزہ پر زمینی کارروائیاں شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے غزہ پر حملے کو ان کا حق دفاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ حماس کا خاتمہ ضروری ہے تاہم جو بائیڈن نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ پر زمینی کارروائی اسرائیل کی بڑی غلطی ہو گی۔

ایران نے بھی بین الاقوامی برادری سے غزہ میں فوری سیز فائر کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کارروائیاں جاری رہیں تو حالات کسی کے بھی قابو میں نہیں رہیں گے۔

امریکا، برطانیہ اور کئی یورپی ممالک سمیت پوری دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کو لگام دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اب فرانس سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کریم بیزیما نے بھی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

کریم بینزیما نے ایکس پر لکھا ہماری دعائیں غزہ کے مقامی لوگوں کیلئے ہیں جو ایک بار پھر ناانصاف بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں جس سے بچے اور خواتین بھی محفوظ نہیں ہیں۔


مزید خبریں :