17 اکتوبر ، 2023
اسرائیل فلسطین جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کی قرارداد منظور نہ کی جاسکی۔
غزہ اسرائیل جنگ پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے روسی قرارداد ناکام ہوگئی۔
روسی قرارداد میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی ترسیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
قرارداد میں عام شہریوں کے خلاف تشدد،دہشتگردی کی مذمت کی گئی تھی جبکہ غزہ سے عام شہریوں کے محفوظ انخلا کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی قرارداد میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کا نام نہیں لیا گیا۔
قرارداد کی منظوری کے لیے 9ووٹ درکار تھے، تاہم روسی قرارداد کے حق میں 5 اور مخالفت میں 4 ووٹ ڈالے گئے۔امریکا،برطانیہ،فرانس اور جاپان نے روسی قرار داد کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ چین،متحدہ عرب امارات، گبون اور موزمبیق نے حمایت کی۔
سلامتی کونسل کے 6 رکن ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرار داد کی منظوری کے لیے مستقل اراکین کی جانب سے ویٹو نہ ہونا بھی ضروری ہے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ جنگ پر برازیل کی قرارداد پر ووٹنگ منگل تک مؤخر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب قرار داد ناکام ہونے پر روسی مندوب نے کہا کہ آج پوری دنیا منتظر تھی کہ سلامتی کونسل خونریزی کے خاتمے کے لیے اقدام کرے گی لیکن مغربی ممالک کے نمائندوں نے ان امیدوں پر پانی پھیر دیا۔