Time 17 اکتوبر ، 2023
کھیل

فخر زمان کو پلیئنگ الیون سے باہر نہیں کرنا چاہیے تھا: عبدالرزاق

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے فخر زمان کو پلیئنگ الیون سے باہر کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 اس وقت بھارت میں جاری ہے جس میں پاکستان نے تین میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اسے بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جیو نیوز کے ڈیجیٹل شو میں سابق کرکٹر عبدالرزاق نے قومی ٹیم کی سلیکشن اور پرفارمنس پر بات کی جس میں انہوں نے فخر زمان کو پلیئنگ الیون سے باہر کرکے عبداللہ شفیق کو لیے جانےپر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

عبدالرزاق نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کھلاڑیوں کو اعتماد دینا چاہیے، فخر جیسے بلے باز کو متبادل نہیں بنایا جانا چاہیے اور انتظامیہ کو انہیں پورے ورلڈ کپ میں کھیلنے کا موقع دینا چاہیے۔

سابق کرکٹر نے بھارت کے خلاف اہم میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی پر کھل کر تنقید کی۔

انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بابر اور رضوان کی پارٹنر شپ نہیں مانتا، وہ ڈر ڈر کر کھیل رہے تھے، تجربہ اور نمبر ون رینکنگ رکھنے کے باوجود ان میں معیاری شاٹس کی کمی نظر آتی ہے، کھلاڑیوں کو واقعی کھیل کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان 20 اکتوبر کو اپنا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

مزید خبریں :