فخر زمان کو اپنے تیز ترین تین ہزار رن مکمل ہونے کا کب پتا چلا؟

ریکارڈز تو بنتے رہتے ہیں، اہم یہ ہے کہ آپ کے رنز سے ٹیم جیتے: فخر زمان— فوٹو: پی سی بی
ریکارڈز تو بنتے رہتے ہیں، اہم یہ ہے کہ آپ کے رنز سے ٹیم جیتے: فخر زمان— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ ریکارڈز کا کبھی نہیں سوچتا، کسی کا ریکارڈ نہیں توڑنا مگر اور ڈبل سنچریاں اسکور کرنا چاہتا ہوں۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں فخر زمان کا کہنا تھا کہ تین ہزار رنز بنانے والا تیز ترین ایشین بن کر بہت اچھا لگ رہا ہے، مجھے میچ ختم ہونے کے بعد پتا چلا کے میرے تین ہزار رنز مکمل ہوگئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریکارڈز تو بنتے رہتے ہیں، اہم یہ ہے کہ آپ کے رنز سے ٹیم جیتے، مجھے زیادہ خوشی اس وقت ہوتی ہے جب ٹیم کامیاب ہوتی ہے، خواہش ہے کہ جو بھی رنز کروں، وہ جیت میں حصہ دار ہوں، کوشش کروں گا کہ سنچریوں کا تسلسل جاری رکھوں، رکھ سکا تو خوشی ہوگی۔

فخر زمان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کی سنچری سب سے یادگار ہے، اس کو آج بھی ہر کوئی یاد کرتا ہے، جنوبی افریقا میں 193 والی اننگز بہت انجوائے کی، اگر جیت جاتے تو فیورٹ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنا نیچرل گیم کھیل کر اپنے پارٹنر کیلئے زیادہ آسانی پیدا کرنا چاہتا ہوں، میرا نیچرل گیم ایسا ہی اٹیکنگ کھیلنا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ون ڈے میں میری کارکردگی کافی اچھی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک میں امام الحق کے ساتھ کافی کھیلا ہوں اس لیے ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں، امام کے کھیل میں بہتری دیکھ کر بھی خوشی ہوتی ہے، امید ہے کہ بقیہ تین میچز میں امام الحق بھی دو سنچری کرے گا۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ ٹیم منیجمنٹ نے سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی تین ہزار نمبر والی شرٹ بنالی تھی، کرکٹ میں کبھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ کر کے دکھاؤں گا یا وہ کر کے دکھاؤں گا، بیٹر کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، اکثر اچھا شاٹ کھیل کر بھی آپ آؤٹ ہوجاتے ہیں۔

مزید خبریں :