دنیا
Time 17 اکتوبر ، 2023

عالمی برادری غزہ کے معاملے پر یوکرین جنگ جیسا برتاؤ کرے: اردنی وزیر خارجہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اردن کے  وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہےکہ  وہ  غزہ کے معاملے  پر  یوکرین جنگ کی طرح  برتاؤ کرے۔

عرب ٹی وی کو  انٹرویو دیتے ہوئے اردنی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جنگی  جرائم کے زمرے میں آتی ہیں، فلسطین میں نیا سانحہ رونما نہیں ہونے دیا  جائےگا۔

اردنی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ کے معاملے پر  یوکرین جنگ کی طرح  برتاؤ کرے، فوری جنگ بندی اور غزہ پٹی میں امدادی کارروائیاں اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  غزہ پٹی میں اردنی طبی کیمپوں تک رسائی کے لیے پل قائم کرنےکی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کو اپنی  سرزمین سے جبری بے دخلی کی کوششیں  اردن  سے جنگ کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں جن میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار  سے زیادہ ہوگئی ہے۔

فسلطینی وزارت صحت کے مطابق  غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد  زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 940 بچے اور  1032 خواتین شامل ہیں۔

ہسپانوی وزیر برائے سماجی انصاف ایون بلیرا نے غزہ میں جاری جنگی جرائم کو اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں اسپین کی خاتون وزیر کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگ یورپی اور   امریکی امداد سے منصوبہ بندی کے تحت کی جانے والی نسل کشی کا سامنا کر رہے ہیں، میں اس کی سخت مذمت کرتی ہوں۔

ایون بلیرا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور امریکا اسرائیل کے جنگی جرائم میں شریک ہیں، اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں مقدمہ چلنا چاہیے۔

مزید خبریں :