Time 18 اکتوبر ، 2023
دنیا

غزہ میں جنگی اور عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات ہیں: اقوام متحدہ

دس روز میں غزہ کی پٹی سے 10 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، غزہ پٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیربن چکا ہے: ترجمان اقوام متحدہ دفتر برائے انسانی حقوق— فوٹو: فائل
دس روز میں غزہ کی پٹی سے 10 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، غزہ پٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیربن چکا ہے: ترجمان اقوام متحدہ دفتر برائے انسانی حقوق— فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے روزانہ جنگی قوانین اور عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کی ترجمان روینا شام دسانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس روز میں غزہ کی پٹی سے 10 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، غزہ پٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیربن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے عملے کے 14 ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے کتنی لاشیں دبی ہیں ابھی یہ واضح نہیں ہے، آنے والے دنوں میں شہریوں کی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اسرائیلی فوج کو شہریوں، شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے اور بلا امتیاز فضائی بمباری سے روکے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اسپتال پر ہونے والے تازہ حملے میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری شہید ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں :