18 اکتوبر ، 2023
پاکستان کے 4 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق تمام نمونوں میں ملے وائرس کا تعلق افغانستان میں پولیو وائرس کلسٹر سے ہے۔
نگران وزیر صحت ندیم جان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب 43 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے جو بہت تشویشناک ہے۔
نگران وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام قائم ہے، نمونوں میں وائرس کی تصدیق ظاہر کرتی ہے کہ یہ نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔
ندیم جان کا کہنا تھا کہ ماحول میں وائرس کی موجودگی ہر بچے کے لیے خطرہ ہے، پولیو لا علاج ہے اور صرف ویکسین ہی بچوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے رواں سال کئی پولیو مہمات کا انعقاد کیا ہے، نومبر میں جن علاقوں میں وائرس ہوگا وہاں انسداد پولیو مہم میں ویکسین دیں گے۔