Time 19 اکتوبر ، 2023
دنیا

غزہ کے پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی حملے میں مزید 433 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500 سو رہائشی عمارتیں اور 12000 گھر تباہ کیے جا چکے ہیں—فوٹو: الجزیرہ
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500 سو رہائشی عمارتیں اور 12000 گھر تباہ کیے جا چکے ہیں—فوٹو: الجزیرہ

بین الاقوامی سفارتی کوششیں بھی اسرائیل کو فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے سے نہ روک سکیں،غزہ میں  اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے  جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے۔

غزہ کے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعے میں 27 اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی افواج کی جانب سے 12 افراد کو غزہ بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا جبکہ نوصائرت علاقے میں مسجد پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

دیر البلاح میں گھر پر بمباری سے مزید 10 افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد ملبے تلے دبے ہیں۔

اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس اسپتال کے قریبی علاقے پر بھی 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی۔

بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے جہاں عملے کے علاوہ 8 ہزار افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

ادھر الشفا اسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں۔

اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے اسکول پر بھی بمباری کی گئی، جس سے کئی افراد شہید ہوئے جبکہ قریب ہی گھربھی تباہ کیا گیا، اس میں بھی بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔

البکری ہاؤس پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ الزیتون علاقے میں گھروں پر 20 بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، اس واقعے میں بھی بڑاجانی نقصان ہوا۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاوہ اب تک 64 فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں بھی شہید کیا جا چکا ہے جن میں سے 55 خواتین اور بچے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500 سو رہائشی عمارتیں اور 12000 گھر تباہ کیے جا چکے ہیں۔

مزید خبریں :