19 اکتوبر ، 2023
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کے 20 ٹرکوں پر مشتمل پہلی کھیپ رفح کراسنگ کے ذریعے جنوبی غزہ روانہ کی جائے گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے رفح کراسنگ کھولنے کی اجازت انسانی بنیادوں پر دی ہے۔
اسرائیل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے بتایا کہ کراسنگ کے آس پاس کی سڑک کو مرمت کی ضرورت ہے اس لئے ممکنہ طور پر جمعے کے روز امدادی ٹرک روانہ کئے جاسکیں گے،امدادی سامان اقوام متحدہ کے تحت تقسیم کیاجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں انتہائی ضروری سامان بھجوایا جائے گا جبکہ امدادی سامان کی دوسری کھیپ کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
جوبائیڈن نے واضح کیا کہ اگر حماس نے امدای سامان پر قبضہ کیا یا اسے گزرنے نہیں دیا گیا تو امدادی سامان کی ترسیل روک دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال کو نشانہ بنا کر 500 فلسطینیوں کو شہید کرنے کے واقعے کے ایک روز بعد ہی امریکی صدر نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ اسرائیلی بمباری میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔