کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2023

ورلڈکپ: آسٹریلیا کیخلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلی کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔

بھارت میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے کل بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں مدمقابل ہونا ہے۔

ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں، نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف تو گرین شرٹس کو کامیابی ملی لیکن روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب آسٹریلیا اب تک ٹورنامنٹ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکا، کینگروز نے بھی اب تک 3 میچز کھیلے جس میں 2 میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی۔

ذرائع کے مطابق کل آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کل نائب کپتان شاداب خان کو ڈراپ کرکے لیگ اسپنر اسامہ میر کو شامل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ شاداب خان ایشا کپ سے اب تک ورلڈکپ میں بھی کوئی اچھی کار کردگی نہیں دکھا سکے، جس کی وجہ سے ان پر کافی تنقید کی جا رہی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کل دوپہر ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :