22 اکتوبر ، 2023
معروف گلوکار عاطف اسلم نے فلسطینیوں کی مدد کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے (15 ملین) عطیہ کردیے۔
اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں بچے اور خواتین سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 385 تک پہنچ گئی ہے۔
فلسطینیوں کی مدد کیلئے پاکستان سمیت مختلف ممالک کی جانب سے انسانی امداد بھیجی جا رہی ہیں ایسے میں عاطف اسلم بھی پیچھے نہ رہ سکے۔
اس حوالے سے عاطف اسلم نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایاکہ غزہ سے سامنے آنے والی تصاویر بہت تکلیف دہ ہے اور یہ ہم میں سے کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے فلسطین کے مسلمانوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’میں معافی چاہتا ہوں میں وہاں نہیں ہوں اور جو تکلیف آپ محسوس کررہے ہیں وہ میں نہیں کرسکتا لیکن آپ سب میری دعاؤں میں شامل ہیں‘۔
اس کے ساتھ ہی گلوکار نے ایک اور اسٹوری لگائی جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کیلئے کھانے اور طبی امداد کی مد میں 15 ملین روپے عطیہ کرنے پر گلوکار عاطف اسلم کا شکریہ ادا کیاگیا تھا۔
عاطف اسلم نے اپنی اسٹوری میں واضح کیا کہ ڈونیشن کے حوالےسے شیئر کی گئی پوسٹ کا مقصد عام افراد کو بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے آگے لانا ہے۔