کھیل
Time 23 اکتوبر ، 2023

افغانستان کی تاریخی جیت پر کابل میں جشن، ہوائی فائرنگ اور آتشبازی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان کی پاکستان کے خلاف تاریخی جیت پر افغان صوبے کابل میں جشن شروع ہوگیا، ہوائی فائرنگ اور آتشبازی بھی کی گئی۔

 پیر کو ورلڈکپ میں افغانستان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابراہیم زدران 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہےجبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔

اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

پاکستان کے خلاف تاریخی فتح پر طالبان کے اہم رہنما انس حقانی نے افغان ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

انس حقانی نے ایکس( سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'ہماری کرکٹ پہلے سے بہتر حالت میں ہے، پہلی بار ہم نے انگلینڈ اور پاکستان کو شکست دی، آپ سب کو اس عظیم کامیابی پر مبا رک  ہو'۔

انہوں نے کہا کہ متحد ہوکر ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے سے ہر چیز  ممکن ہوجاتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد کابل میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی اور جیت کا جشن منایا گیا۔


مزید خبریں :