23 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اس شکست سے ٹیم کو دکھ ہوا ہے، بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں تھی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہےجبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ افغانستان کو مبارک پیش کرتا ہوں، کرکٹ ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شکست سے ٹیم کو دکھ ہوا ہے، بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں تھی جبکہ مڈل اوور میں اسپینرز نے اچھے اوورز نہیں کیے، فیلڈنگ کے دوران کھلاڑیوں کی سوچ کہیں اور ہوتی، معلوم نہیں کیا سوچ رہے ہوتے ہیں، کوشش ہوگی جیتنے میچز ہیں انہیں جیتیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھ پر کپتانی کا بوجھ نہیں، جب بیٹنگ کرتا ہوں تو صرف اپنی بیٹنگ کرتا ہوں، جب کپتانی کی باری ہوتی ہے تو پوری کپتانی کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کلک نہیں کر پا رہی، فیلڈنگ میں فوکس پورا نہیں ہو رہا، بھارت سے شکست کے بعد دباؤ میں رہنے والی بات درست نہیں ہے، بھارت کے بعد آسٹریلیا سے اچھا کھیلے بس ہمارے پلان کامیاب نہیں ہو رہے۔
بابر اعظم نے خود پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف کیا مہم چل رہی ہے میرے علم میں نہیں ہے۔