Time 23 اکتوبر ، 2023
پاکستان

طورخم سرحدی گزرگاہ پر الیکٹرونک ویزا سسٹم نصب کردیاگیا

اس سسٹم سے پاکستان میں بغیر ویزا یا جعلی ویزوں کے ذریعے سے غیر قانونی افراد کا داخلہ مکمل طورپر بند ہوسکے گا: ایف آئی اے— فوٹو: اسکرین گریب
اس سسٹم سے پاکستان میں بغیر ویزا یا جعلی ویزوں کے ذریعے سے غیر قانونی افراد کا داخلہ مکمل طورپر بند ہوسکے گا: ایف آئی اے— فوٹو: اسکرین گریب

طورخم سرحدی گزرگاہ زیرو پوائنٹ پر پہلی بار الیکٹرونک ویزا سسٹم نصب کردیاگیا جس سے پاکستان میں غیرقانونی داخل ہونے والوں کا روک تھام ممکن ہوسکے گا اور امن وامان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

طورخم سرحدی گزرگاہ پر تعینات وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسر عرفات کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ پر پہلی بار الیکٹرونک ویزا سسٹم  نے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ طورخم سرحدی گزرگاہ زیرو پوائنٹ پر نصب یہ نظام پہلی بار نصب کیا گیا ہے، اس سے پاکستان میں بغیر ویزا یا جعلی ویزوں کے ذریعے سے غیر قانونی افراد کا داخلہ مکمل طورپر بند ہوسکے گا۔ 

اے ڈی یاسر عرفات کے مطابق نیا سسٹم افغانستان سے سفری دستاویزات کے ہمراہ آنے والوں کیلئےانتہائی سہولت کا باعث بنےگا، ای ویزا سسٹم سے مشکوک افراد کا ملک میں داخلہ بند ہوسکےگا جس سے ملک میں امن وامان کے فضا پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے  اور انسداد دہشت گردی میں مددگار ثابت ہوگا۔

 اس سے قبل یہ سسٹم طورخم زیرو پوائنٹ سے دور امیگریشن ہال میں نصب تھا جس کے باعث جعل ساز  یا دیگر مشکوک افراد زیرو پوائنٹ پار کرکے طورخم حدود میں آسانی سے داخل ہوسکتے تھے جوکہ بعد ازاں چور راستے استعمال کرکے امیگریشن عمل کو بائی پاس کرکے ملک میں داخل ہوسکتے تھے۔

حکام کے مطابق افغانستان سے یومیہ ہزاروں افراد طورخم سرحدی گزرگاہ سے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :