Time 24 اکتوبر ، 2023
دنیا

حماس نے یرغمالیوں میں سے مزید دو معمر خواتین کو رہا کردیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

حماس نے کہا ہے کہ قطر اور مصر کی ثالثی میں مزید دو خواتین کو رہا کردیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کی گئی دونوں معمر خواتین 79 سالہ نوریت کوپر اور 85 سالہ یوشیوڈ لیفشٹز کا تعلق اسرائیل سے ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کی گئی دونوں خواتین کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا گیا۔

اس سے قبل حماس کی جانب سے  قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت انسانی بنیادوں پر دو امریکی خواتین کو رہا کیا گیا تھا۔

حماس کےعسکری ونگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر اور مصر کے ساتھ مل کر "شہری" یرغمالیوں کی رہائی کیلئے کام کر رہے ہیں۔

حماس کی جانب سے رہا کی گئی امریکی ماں بیٹی کو غزہ سرحد پر اسرائیلی نمائندے کے حوالے کیا گیا جہاں سے انہیں اسرائیل کے فوجی اڈے پر لایا گیا۔

اسرائیلی فوجی اڈے پر رہائی پانے والی خواتین کا خاندان ان کا پہلے سے منتظر تھا، عالمی ریڈ کراس نے یرغمالیوں کواسرائیل تک پہنچانے میں مدد کی۔

خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور غزہ کی پٹی کے محاصرے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث خوراک، پانی، دوائیوں کی قلت اور بجلی کی عدم فراہمی سے فلسطینی شہری شدید مشکلات کا شکارہوگئے ہیں۔

غزہ میں اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے ریلیف اینڈ ورکس کے شیلٹر کی ڈائریکٹر راویہ حلس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بمباری کی صورت میں المناک صورتحال پر درد ناک اپیل کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں المناک صورتحال ہے، کوئی لفظ بیان نہیں کر سکتا، غزہ کو بچایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوا م متحدہ کی پناہ گاہوں میں خوارک، پانی اور بجلی نہیں، لوگ کسی ایسے کے منتظر ہیں جو انہیں خوارک اور پانی دے۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے ریلیف اینڈ ورکس کے شیلٹر کی ڈائریکٹر راویہ حلس نے روتے ہوئے بتایا کہ یو این شیلٹر میں شیر خوار، بڑے، بچے، بزرگ، مریض سب پناہ لیے ہوئے ہیں، لوگ مر رہے ہیں، ہمیں انسولین کی ضرورت ہے، ہم انہیں کچھ نہیں دے پا رہے۔

مزید خبریں :