Time 24 اکتوبر ، 2023
دنیا

غزہ میں اسپتال حملے پر امریکا کے بعد برطانیہ بھی اسرائیل کی حمایت میں سامنے آگیا

برطانوی حکومت کا اندازہ ہے کہ دھماکا میزائل کی وجہ سے ہوا، میزائل غزہ سے اسرائیل کی طرف فائر کیا گیا تھا: برطانوی وزیر اعظم کا پارلیمان میں خطاب— فوٹو: فائل
برطانوی حکومت کا اندازہ ہے کہ دھماکا میزائل کی وجہ سے ہوا، میزائل غزہ سے اسرائیل کی طرف فائر کیا گیا تھا: برطانوی وزیر اعظم کا پارلیمان میں خطاب— فوٹو: فائل

غزہ میں اسپتال پر اسرائیل کے خوفناک حملے پر امریکا کے بعد برطانیہ بھی اسرائیل کی حمایت میں سامنے آگیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کے بعد برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے بھی اسپتال پر حملے کی ذمہ داری غزہ سے فائر کیے گئے میزائل پر ڈال دی ہے۔

اس سے پہلے امریکی صدر جو بائیڈن کہہ چکے ہیں کہ ال اہلی اسپتال پر حملہ اسرائیل نے نہیں دوسرے فریق نے کیا۔

برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں غزہ کے ال اہلی اسپتال حملے پر وزیراعظم رشی سونک کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کا اندازہ ہے کہ دھماکا میزائل کی وجہ سے ہوا، میزائل غزہ سے اسرائیل کی طرف فائر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی غلط رپورٹنگ نے خطے میں منفی اثرات مرتب کیے، خصوصاً امریکا کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 18 اکتوبر کو غزہ کے ال اہلی اسپتال پر اسرائیلی حملے سے 471 افراد شہید ہوئے تھے۔

برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے غزہ کے عوام کیلئے 20 ملین پاؤنڈ کی اضافی امداد کا اعلان بھی کیا، رشی سونک نے علاقائی استحکام، اسرائیل، حماس تنازع ختم کرانے اور دو ریاستی حل پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں :