24 اکتوبر ، 2023
آپ نے آج تک دلہن کو گھر لانے کیلئے دلہے کو شان و شوکت سے بارات لے جاتے تو دیکھا ہوگا لیکن کیا کبھی کسی لڑکی کی طلاق پر اس کے باپ کو خوشی مناتے دیکھا ہے؟
بھارت کے شہر رانچی میں بیٹی کی طلاق کی صورت میں اسے واپس گھر ڈھول پٹاخوں کیساتھ لانے والے باپ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے،طلاق کی صورت میں بیٹی کی گھر واپسی کو پروقار تقریب کے ذریعے جشن کی صورت منایا گیا جو کہ ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔
وائرل ویڈیو میں والدین سمیت لڑکی کے گھر والوں کو ڈھول پٹاخوں کے ساتھ لڑکی کو گھر واپس لاتے دیکھا جاسکتا ہے، اس موقع پر لڑکی بھی اپنا سامان اٹھائے خوشی خوشی واپس جاتے دیکھی جاسکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لڑکی کے باپ کی جانب سے مخصوص کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے جس میں درج تھا کہ ’ آپ بیٹی کی شادی بہت دھوم دھام سے کریں لیکن اگر میاں بیوی اور بیٹی کے سسرال والے کچھ غلط کریں تو آپ اپنی بیٹی کو عزت و احترام کے ساتھ اپنے گھر واپس لائیں کیونکہ بیٹیاں بہت قیمتی ہوتی ہیں، ‘ ۔