Time 24 اکتوبر ، 2023
دنیا

قرآن پر یقین رکھتے کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے، قید سے رہا خاتون حماس کے حسن سلوک سے متاثر

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی قید سے رہا 85 سالہ اسرائیلی خاتون  نے  حماس کے برتاؤ کی تعریف کی اور کہاکہ قید کے دوران حماس کے ارکان کا رویہ دوستانہ رہا، تمام ضرورتوں کو پورا کیا۔

پیر کی رات حماس کی جانب سے رہا کیے گئے دو قیدیوں میں سے ایک 85 سالہ اسرائیلی خاتون یوشیویڈ لفشٹز نے میڈیا سے بات کرتےہوئے بتایا کہ اسے اغوا کے دوران مارا گیا لیکن قید کے دوران اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا گیا۔

وہیل چیئر پر بیٹھ کر 85 سالہ لِفشِٹز نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کے اغوا کاروں نے اسے غزہ لے جایا اور پھر اسے گیلی زمین پر کئی کلومیٹر پیدل چل کر سرنگوں کے نیٹ ورک تک پہنچنے پر مجبور کیا جو مکڑی کے جالے کی طرح دکھائی دیتی تھی۔

ان کا کہنا تھاکہ لڑکوں نے مجھ پر راستے میں تشدد کیا لیکن انہیں اور چار دیگر افراد کو ایک کمرے میں لے جانے کے بعد اچھا سلوک کیا گیا، حالات صاف تھے اور سب کو ادویات سمیت طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسرائیلی خاتون کا کہنا تھاکہ حفاظت پر مامور لوگوں نے ہمیں بتایا وہ لوگ قرآن پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ڈاکٹر ان کا اور دیگر یرغمالیوں کا دو سے تین دن بعد معائنہ کرنے آتا تھا، دوران قید حماس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ انہیں اور دیگر یرغمالیوں کو اسی قسم کی دوائیں ملی ہیں جو وہ اسرائیل میں لے رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا’وہ واقعی اس کے لیے تیار لگ رہے تھے، انھوں نے اسے کافی عرصے سے چھپایا ہوا تھا اور انہوں نے ان تمام ضروریات کا خیال رکھا جن کی لوگوں کو ضرورت ہے جیسے شیمپو اور کنڈیشنر وغیرہ بھی‘ ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ  ہمیں پیٹا بریڈ، سخت پنیر، کچھ کم چکنائی والا کریم پنیر اور کھیرے دیے اور یہ سارا دن کا ہمارا کھانا تھا‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب حماس نے قطر اور مصر کی ثالثی پر مزید دو خواتین کو رہا کیا تھا جن میں  79 سالہ نوریت کوپر اور 85 سالہ یوشیوڈ لیفشٹز شامل ہیں۔

وہیں دوسری جانب اسرائیل کی بربریت جاری ہے اور غزہ پر فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک ان حملوں میں 5 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

مزید خبریں :