Time 24 اکتوبر ، 2023
دنیا

مزید کتنے بچے اور عورتیں مرنے کا انتظارکریں گے؟ اسماعیل ہنیہ کی اسلامی ممالک سے مداخلت کی اپیل

بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو شہید کرکے اپنی خون آلود شرمناک تاریخ کا ایک اور صفحہ لکھ رہا، ہنیہ— فوٹو:فائل
بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو شہید کرکے اپنی خون آلود شرمناک تاریخ کا ایک اور صفحہ لکھ رہا، ہنیہ— فوٹو:فائل

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائی جانے والی بربریت پر مسلمان ممالک سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

حماس کے سیاسی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں قتل عام کر رہا ہے، بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو شہید کرکے اپنی خون آلود شرمناک تاریخ کا ایک اور صفحہ لکھ رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے جب تک ہمارے بچوں کو آزادی نہ مل جائے۔

اسماعیل ہنیہ نے عرب اور اسلامی ممالک سے اسرائیلی مظالم کے خلاف مداخلت کی  اپیل کی اور کہا کہ مزید کتنے بچے اور عورتیں مرنے کا انتظارکریں گے۔

دوسری جانب فرانس  نے اسرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی صدر سے ملاقات کی۔

اُدھر قطر کے امیر نے کہا کہ اسرائیل کو غیر مشروط قتل کیلئے گرین سگنل نہیں دیا جانا چاہیے، اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں اضافے سے دنیا کو خطرہ ہے۔

خیال رہے کہ مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 182 بچوں سمیت مزید 704 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 800 ہوگئی۔

اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار سے زائد بچے اور 1100 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جنہیں اسپتالوں میں دواؤں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :