Time 25 اکتوبر ، 2023
پاکستان

الٹی میٹم صرف افغان باشندوں کیلئے نہیں، تمام غیر ملکیوں کیلئے ہے: سرفراز بگٹی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہےکہ  حکومت کا الٹی میٹم صرف افغان باشندوں کے لیے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کے لیے ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سرفراز  بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے غیر قانونی مقیم افراد سے متعلق بات کی تھی لیکن اس کا غلط پیغام چلا گیا، ہم نے غیر قانونی طور پرپاکستان میں  موجود افراد کو نکالنے کی بات کی لیکن ایسا  پیغام گیا کہ شاید صرف افغان شہریوں کو نکال رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کا پیغام صرف افغان شہریوں کے لیے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم افراد کے لیے ہے، کسی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیرقانونی طور پر آ کر بیٹھ جائے۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی کے پاس ریفیوجی کارڈ ہے یا  ویزا ہے تو وہ ہمارا مہمان ہے، حکومت ایران سے آنے والے بلوچوں کو  بھی نکال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  تاثر دیا جا رہا ہےکہ یہ نسلی معاملہ ہے لیکن یہ نسلی معاملہ نہیں ہے، ہم تمام غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو نکالنے کی بات کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

مزید خبریں :