28 اکتوبر ، 2023
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی فوج کا تین طرفہ حملہ ناکام بنانے اور صیہونی فورسز کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حماس کے سینئر عہدیدار علی براکہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے رات بھر غزہ پر زمینی حملے اور بمباری کی تاہم غزہ پر اسرائیلی فوج کا تین طرفہ زمینی حملہ ناکام ہو گیا۔
علی براکہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر حملے میں دشمن کو فوجیوں اور سامان کے لحاظ سے بھاری نقصان ہوا، دشمن کئی محاذوں پر فلسطینی مزاحمت کے تیار کردہ جال میں پھنس گیا ہے۔
حماس کے عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیلی حملے پسپا کرنے کیلئے روسی ساختہ ٹینک شکن میزائل اور مقامی طور پر تیار یاسین میزائل استعمال کیے گئے، اسرائیلی فوج نے ہیلی کاپٹروں سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا۔
دوسری جانب ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں گزشتہ رات کو داخل ہونے والی اسرائیلی فوجی اب بھی موجود ہے، فلسطینی انکلیوو میں فوجی کارروائیوں میں توسیع کی ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ آج خوراک، پانی اور ادویات لے جانے والے ٹرک غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دیں گے۔