Time 27 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل سمجھتا ہے حماس ختم کر دیگا تو ایسا نہیں ہوگا، فلسطینی وزیراعظم نے خبردار کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل سمجھتا ہے کہ وہ مزاحمتی تحریک حماس ختم کر دے گا تو ایسا نہیں ہوگا۔

عرب ٹی وی کو انٹرویو  دہتے ہوئے فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیے نے کہا کہ حماس فلسطینی سیاست کا اہم حصہ ہے، اس کے حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ جاری ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سمجھتا ہے کہ حماس ختم کر دے گا تو ایسا نہیں ہوگا۔

فلسطینی وزیراعظم نے کہا کہ کوئی تنہا امن لاسکتا ہے نہ جنگ لڑسکتا ہے ،ہمیں متحدہ ہونا ہوگا، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکمت عملی ہے کہ مغربی کنارے کے ٹکڑے کر دیے جائیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے مکمل حل کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب حماس نے اپنی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کی رہائی کو غزہ میں جنگ بندی سے مشروط کر دیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق روسی دارالحکومت ماسکو میں موجود حماس کے وفد میں شامل ابو حامد نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی تک اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف فلسطینی گروپس کی جانب سے غزہ پہنچائے جانے والے اسرائیلی شہریوں کو ڈھونڈنے کے لیے وقت درکار ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے اب تک غزہ میں 7 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں 

مزید خبریں :