Time 29 اکتوبر ، 2023
کھیل

کپتانی کیلئے اچھی ایوریج ضروری نہیں، سرفراز کپتانی کیلئے اچھا آپشن ہے: عبدالرزاق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کے لیے اچھا آپشن قرار دیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ہارنا منع ہے میں عبدالرزاق، عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر نے شرکت کی جس میں میزبان تابش نے ان سے ٹیسٹ کپتان سے متعلق سوال کیا۔

عبدالرزاق نے نام لیے بغیر کہا کہ دو، تین کھلاڑیوں کو آرام کرانا چاہیے، اگر کپتانی کےلیے جانا ہے تو سرفراز احمد اچھا کپتان ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ہمارے پاس اچھے کھلاڑی موجود ہیں، ضروری نہیں جس کی ایوریج اچھی ہو اسے کپتان بنادیا جائے، یہیں ہم مار کھاتے ہیں، ہم نے ایک اچھا انسان، کھلاڑی اور کپتان یہ تینوں خوبیوں والے کو منتخب کرنا ہے۔

عبدالرزاق کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرفراز ٹیسٹ میچز کے لیے اچھا آپشن ہے، ورنہ رضوان کو بھی کپتان بنایا جا سکتا ہے، شان مسعود بھی اچھے انسان ہیں، سرفراز اور شان دونوں ہی کھلاڑیوں کا خیال رکھتے ہیں۔

سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میچ سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے، ہمیں اب ان دونوں ٹیموں کی طرز کی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

دوسری جانب محمد عامر نے پاکستان اور بنگلادیش کے میچ کو تگڑا قرار دیا اور کہا کہ ورلڈکپ میں جو ٹیم گئی ہے وہ بابراعظم کی ٹیم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے خلاف کوئی ایجنڈہ نہیں چل رہا وہ 4 سال سے کپتان ہے، امام کو ٹیسٹ کرکٹ کا کپتان بنانا اچھا فیصلہ نہیں ہوگا۔

محمد عامر نے مزید کہا کہ جب ٹیم جیتتی ہے یا ہارتی ہے ذمے داری کپتان پر جاتی ہے، کپتان ہی فیس ہے اسی کو جواب دینا ہوگا۔

مزید خبریں :