29 اکتوبر ، 2023
دنیا کے معمر ترین فرد کا اعزاز امریکی نژاد ہسپانوی خاتون ماریا برینیاس موریرا( María Branyas Morera) کے پاس ہے۔
116 سالہ خاتون کو یہ اعزاز جنوری 2023 میں اس وقت حاصل ہوا جب سسٹرآندرے کے نام سے مشہور فرانسیسی راہبہ لوسیل رینڈن 118 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
ماریہ برینیاس 4 مارچ 1907 کو امریکا میں پیدا ہوئیں تاہم 8 سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ہمراہ اسپین منتقل ہوگئی تھیں۔
اب سائنسدانوں کی جانب سے ان پر تحقیق کرکے طویل زندگی کے راز کو جاننے کی کوشش کی جائے گی۔
اسپین سے تعلق رکھنے والے سائنسدان Manel Esteller یہ تحقیق کررہے ہیں اور ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ماریہ برینیاس کا ذہن اب بھی بہترین ہے اور انہیں اب بھی وہ واقعات یاد ہیں جب ان کی عمر محض 4 سال تھی اور انہیں کسی قسم کے امراض قلب کا بھی سامنا نہیں، جو معمر افراد میں عام ہوتے ہیں۔
یہ سائنسدان ڈی این اے اور جینز کے افعال پر کام کرتے ہیں اور حال ہی میں ان کی ملاقات ماریہ برینیاس سے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے یہ جاننے کا فیصلہ کیا کہ عمر میں اضافے سے خاتون کے جینز پر کیا اثرات مرتب ہوئے۔
ماریہ برینیاس اب بھی صحت مند ہیں اور وہ ایکس (ٹوئٹر) پر بھی سرگرم ہیں، جہاں وہ لوگوں کو بتاتی ہیں کہ وہ کس طرح اپنی زندگی کی مدت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
ماریہ برینیاس کی زندگی آسان نہیں تھی بلکہ وہ ماضی میں زلزلے، آتشزدگی، پہلی اور دوسری جنگ عظیم، اسپین میں ہونے والی خانہ جنگی، اسپینش فلو کی وبا اور کووڈ کی وبا سے بچ چکی ہیں۔
وہ بچپن میں ہی اپنے والد سے محروم ہوگئی تھیں اور اسی وقت ان کے ایک کان کی سننے کی حس ایک حادثے کے باعث ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئی تھی۔
مگر زندگی کی تمام تر مشکلات کے باوجود وہ اب بھی زندہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سائنسدان جاننا چاہتے ہیں ان کی لمبی عمر کا راز کیا ہے۔
Manel Esteller کے مطابق ہمیں معلوم ہے کہ ماریہ برینیاس کی عمر 116 سال ہے مگر ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی حیاتیاتی عمر کیا ہے، کیونکہ وہ جسمانی طور پر اپنی اصل عمر سے زیادہ جوان ہیں۔
اس مقصد کے لیے خاتون کے خون، پیشاب اور لعاب دہن کے نمونے لیے گئے ہیں جن کا تجزیہ کیا جائے گا۔
ان نمونوں کا موازنہ ماریہ برینیاس کی 79 سالہ بیٹی کے نمونوں سے کیا جائے گا۔
سائنسدانوں کی تحقیق کے نتائج کب تک جاری ہوں گے، یہ تو واضح نہیں مگر 116 سالہ خاتون نے ضرور اپنی لمبی زندگی کا راز بتایا ہے۔
ان کے اپنے الفاظ میں 'خاندان اور دوستوں کے ساتھ اچھا تعلق، اطمینان قلب، قدرت کے قریب رہنا، جذباتی استحکام، فکر مندی اور پچھتاوے سے دوری، مثبت سوچ اور منفی ذہنیت والے افراد سے دور رہنا میری لمبی زندگی کا راز ہے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہی کھانے کی عادت، جینز اور خوش قسمتی نے بھی لمبی عمر کے حصول میں مدد کی۔
خیال رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ عمر کا ریکارڈ فرانس کی Jeanne Calment کے پاس ہے، جو 1997 میں 122 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چاکلیٹ، تمباکو نوشی اور زندگی میں مزاح ان کی لمبی زندگی کے راز ہیں۔
مگر ماریہ برینیاس کے مطابق الکحل، تمباکو نوشی سے دوری، ورزش، ہمدردی، پر امیدی، مزاح اور کچھ سیکھنے کا عمل جاری رکھنا زندگی کا دورانیہ بڑھانے والے عوامل ہیں۔