29 اکتوبر ، 2023
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے دو مغوی مقامی فٹبالر بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔
لیویز حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ سے مغوی دو مقامی فٹبالر بازیاب ہوگئے، فٹبالر بابر علی اور شیراز خان گھر پہنچ گئے ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کو دیگر 4 مقامی فٹبالروں کے ہمراہ 9 ستمبر کو ڈیرہ بگٹی سے سبی جاتے ہوئےکچھی کینال کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 6 میں سے 4 مغوی فٹبالر 29 ستمبر کو بازیاب ہوئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر کامران رئیسانی کے مطابق دونوں فٹبالروں کی بازیابی سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس بیسٹ آپریشن کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔
اس حوالے سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔