Time 31 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کا غزہ میں جنگ بندی سے انکار ، شہید فلسطینیوں کی تعداد 8400 سے زائد ہوگئی

سیز فائر کا مطلب ہے اسرائیل حماس، دہشتگردی کے آگے ہتھیار ڈال دے، یہ جنگ کا وقت ہے، یہ جنگ ہمارے مشترکہ مستقبل کے لیے ہے، نیتن یاہو/ فائل فوٹو
سیز فائر کا مطلب ہے اسرائیل حماس، دہشتگردی کے آگے ہتھیار ڈال دے، یہ جنگ کا وقت ہے، یہ جنگ ہمارے مشترکہ مستقبل کے لیے ہے، نیتن یاہو/ فائل فوٹو

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کے امکان کو مسترد کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد حماس سے دشمنی ختم  کرنے پر اتفاق نہیں کرے گا، سیز فائر کا مطلب ہے اسرائیل حماس، دہشتگردی کے آگے ہتھیار ڈال دے، یہ جنگ کا وقت ہے، یہ جنگ ہمارے مشترکہ مستقبل کے لیے ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہمیں تہذیب اور بربریت کی قوتوں کے بیچ لکیر بنانی ہے، اسرائیل نے یہ جنگ شروع نہیں کی، حماس اس برائی کے ٹولے کا حصہ ہے جسے ایران تشکیل دے رہا ہے۔

اسرائیلی بمباری سے غزہ میں تباہی کے مناظر

واضح رہے کہ 7 اکتوبرسے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہوگئی جب کہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شہدا میں سے 73 فیصد بچے،خواتین اور عمررسیدہ افراد ہیں۔

اسرائیلی حملوں سے ہائرایجوکیشن سے وابستہ سوا 400 طلبہ بھی شہید ہوئے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کے ہلاک اہلکاروں کی تعداد 63 تک جاپہنچی ہے۔

اس کے علاوہ غزہ کے ترک فلسطینی دوستی کینسر اسپتال پر بھی اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی جس کی و جہ سے اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔

دن رات فضائی حملوں نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، 45 فیصد رہائشی مکان اور عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں جب کہ سامان کی قلت کے سبب اقوام متحدہ کو امدادی مشن محدود کرنا پڑگیا۔  

مزید خبریں :