Time 31 اکتوبر ، 2023
پاکستان

غیر قانونی مقیم افراد اپنے ملک جائیں اور ویزا لے کر آسکتے ہیں: نگران وزیراعظم

الیکشن کمیشن کو اختیارات پارلیمان نے دیے ہیں اور ہم الیکشن کمیشن کو کہہ رہے جو کام آپ نے کرنا ہے کریں جہاں ہماری معاونت درکار ہے کریں گے: انوار الحق کاکڑ/ فائل فوٹو
الیکشن کمیشن کو اختیارات پارلیمان نے دیے ہیں اور ہم الیکشن کمیشن کو کہہ رہے جو کام آپ نے کرنا ہے کریں جہاں ہماری معاونت درکار ہے کریں گے: انوار الحق کاکڑ/ فائل فوٹو

لاہور: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے تاہم غیر قانونی طور پر رہنے والے اپنے ملک جائیں ویزا لیں پھر پاکستان آسکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے غیرقانونی طور پر مقیم لوگوں کو پہلے وقت دیا، ان کے کاروبار یا دیگر طریقوں سے ان کو پریشان نہیں کیا، ہم نے ان پر مکمل طور پر پابندی نہیں لگائی، یہ اپنے ملک جائیں ویزا لیں پھر آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے، غیرقانونی مقیم افراد کو واپس جانے کے لیے وقت دیا ہے، دنیا کاکوئی ملک غیر قانونی افرادکو اپنے ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا، کسی بھی ملک کا شہری ویزا لےکر پاکستان آسکتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے لیے الیکشن کمیشن کا ایک طریقہ کار ہے، الیکشن کمیشن کو اختیارات پارلیمان نے دیے ہیں اور ہم الیکشن کمیشن کو کہہ رہے جو کام آپ نے کرنا ہے کریں جہاں ہماری معاونت درکار ہے کریں گے، جتنا آپ ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے بے چین ہیں، اتنا میں بھی ہوں۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی اور اسمگلنگ پر جسے ہی ہاتھ ڈالا روپیہ مستحکم ہوا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اسمگل کے خلاف سختی کی ہے، اسمگلنگ پر سختی ہوئی ہے تو ملیں چلنا شروع ہوگئی ہیں۔

غزہ کی صورتحال پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی خوفناک ہے، وہاں انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے، غزہ کی صورتحال انسانی المیہ کو جنم دے رہی ہے، چین کے حالیہ دورے میں عالمی رہنماؤں سے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی، ہم سمجھتے ہیں موجودہ کرائسس میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملٹری کورٹ کے معاملے پر اپیل دائر کررہی ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا وفد 2 تاریخ کو آرہا ہے اور ہم نے اپنے ٹارگٹ سیٹ کیے ہیں۔

مزید خبریں :