Time 01 نومبر ، 2023
کھیل

ذکا اشرف ایک بار پی سی بی چیئرمین بنے تو انہیں مزہ لگ گیا: عبدالرزاق

ذکا اشرف نے چیئرمین بنتے ہی کرکٹرز کو ساتھ شامل کیا کیونکہ ان کی اپنی رائے نہیں ہے، وہ آفیشل میٹنگز میں ایک منٹ سے زیادہ نہیں بولتے: سابق کرکٹر/ فائل فوٹو
ذکا اشرف نے چیئرمین بنتے ہی کرکٹرز کو ساتھ شامل کیا کیونکہ ان کی اپنی رائے نہیں ہے، وہ آفیشل میٹنگز میں ایک منٹ سے زیادہ نہیں بولتے: سابق کرکٹر/ فائل فوٹو

سابق کرکٹر عبد الرزاق نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین صرف پروٹوکول کیلئے بنتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ  ذکا اشرف 2011 میں پی سی بی کے چیئرمین بنے تو انہیں مزہ لگ گیا، ذکا اشرف پچھلے 11، 12  سال سے دوبارہ چیئرمین پی سی بی بننے کی کوشش کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ذکا اشرف نے چیئرمین بنتے ہی کرکٹرز کو ساتھ شامل کیا کیونکہ ان کی اپنی رائے نہیں ہے، ذکااشرف آفیشل میٹنگز میں ایک منٹ سے زیادہ نہیں بولتے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کیلئے جو ٹیم منتخب کی گئی اس سے اچھے کھلاڑی موجود نہیں تھے، ایک یا دو کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہمیشہ ہی ہوتی ہے، اس ٹیم میں عماد وسیم ہوتے تو پاکستان کیلئے بہت اچھا ہوتا، پاکستانی کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج ہلکی ٹیموں اور بڑی ٹیموں کے ساتھ مختلف ہوتی ہے، یہ اچھی ٹیم کی نشانی نہیں ہے، پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں، پاکستان پہلے دن سے یہ ٹیم کھلاتا تو اتنا مسئلہ نہیں ہوتا، اس سے پہلے ٹیم چھکے مارنے والے اوپنرز کی کمی محسوس کررہی تھی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کے استعفے سے متعلق عبدالرزاق  نے کہا کہ  انضمام اگر بے قصور ہیں تو انہیں مستعفی نہیں ہونا چاہے تھا، ورلڈکپ میں جانے سے پہلے ہمیں کھیلنے کیلئے افغانستان، سری لنکا، نیدر لینڈرز اور نیپال کی ٹیمیں نظر آتی ہیں، پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اتنی زیادہ کردی ہے کہ کھلاڑیوں کو چار روزہ میچ کھیلنے کی ضرورت ہی نہیں ہے، ٹیسٹ میچ کھیل کر ون ڈے میں آنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہت اچھی ہوتی ہے۔

اس دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ سابق وزیراعظم کہتے تھے کرپشن کے خلاف ہوں اور وہ کرپٹ کھلاڑیوں کے ساتھ مشورے کرتے تھے، ذکا اشرف آصف زرداری کے خاص آدمی ہیں انہوں نے پی سی بی میں آکر سیاسی حرکت کی، جس طرح سیاست میں آڈیو ویڈیو ٹیپس لیک کی جاتی ہیں ایسے ہی ذکا اشرف نے بابر اعظم کی ذاتی چیٹ لیک کردی۔

قومی کرکٹر عماد وسیم کا کہنا تھاکہ پاکستان جس طرح بنگلا دیش کے خلاف کھیلا امید ہے بڑی ٹیموں کے خلاف بھی ایسے ہی کھیلے گا، یہ بڑا سوال ہے کیا ہم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف بھی ایسی کارکردگی دکھاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی، کوچ اور کھلاڑیوں کے درمیان کمیونی کیشن گیپ نہیں ہونا چاہیے، کھلاڑیوں کی شکایات اور تحفظات سننے کیلئے کوئی فورم ہونا چاہیے، پاکستان ٹیم میں بہت سے وہ کھلاڑی ورلڈکپ کھیل رہے ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر ہیں، میرا کام کارکردگی دکھانا ہے باقی ان لوگوں کا فیصلہ ہے۔

مزید خبریں :