Time 01 نومبر ، 2023
دنیا

غزہ پر زمینی کارروائی: القسام بریگیڈز سے جھڑپوں میں مزید 14 اسرائیلی فوجی ہلاک

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا

غزہ پر زمینی کارروائی کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ساتھ جھڑپوں میں مزید 14 صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی آرمی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران 14 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی شروع ہونےکے بعد صیہونی فوجیوں کی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

7  اکتوبر کو  حماس کی جانب سے طوفان الاقصٰی آپریشن شروع  کیے جانے کے بعد  سے اسرائیلی  فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد  323  ہوچکی ہے جب کہ ہلاک ہونے والےکل اسرائیلیوں کی تعداد 1400 سے زائد ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کو القسام بریگیڈز کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کو  تکلیف دہ نقصان قرار  دیتے ہوئےکہا ہےکہ یہ جنگ ہے، ہمیں ایسے نقصانات کی توقع تھی، انہیں اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ زمینی کارروائی میں ہمارے فوجیوں کو  اہم کامیابیوں کے ساتھ بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اب تک غزہ میں عسکریت پسندوں کے 11 ہزار سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنانےکا بھی دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی مسلسل جارحیت جاری ہے اور اسرائیل عام شہریوں پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 8 ہزار 700 سے زیادہ ہوگئی ہے اور  23 ہزار  سے زائد زخمی ہیں، شہید افراد میں 3 ہزار  542 بچے اور  2 ہزار 187 خواتین بھی شامل ہیں۔

2 ہزار افراد اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں 1100 بچے بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :