01 نومبر ، 2023
پنجاب کی نگران حکومت نے صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے اسموگ ایمرجنسی نافذ کردی ، اسکول اور سرکاری ونجی دفاتر میں ماسک پہننا لازم ہوگا۔
پنجاب میں اسموگ ایمر جنسی نافذ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔
نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ طلبہ کی صحت کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے، صوبائی وزرا سرکاری و نجی اسکولوں کے دورے کریں ۔ اسموگ کے دوران کاشتکاروں کے خلاف چالان واپس لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشت کار بھائی فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے اور اسموگ میں کمی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کی موجودہ صورت حال کا ذمے دار پنجاب حکومت کو ٹھہرایا تھا اور فوری اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی تھی۔