02 نومبر ، 2023
حماس کی جانب سے غزہ میں جاری لڑائی کے دوران گزشتہ روز مزید 16 اسرائیلی فوجی مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ اسرائیلی حکام نے 13 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق بھی کردی ہے۔
غزہ میں زمینی کارروائی کے لیے آگے بڑھنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حماس نے بیت حنون میں ڈرون سے حملہ کیا، اس حملے میں کئی اسرائیلی فوجی مارے گئے، حماس کی جانب سے اسرائیل کو 7 اکتوبر جیسا آپریشن باربار دہرانے کی دھمکی بھی دی گئی۔
اسرائیل کے علاقے اشدود، اشکلان اور کئی دیگر مقامات پر بھی حماس نے حملے کیے، ایک میزائل سڑک پر گرا جس سے گاڑیوں کو نقصان ہوا۔
دوسری جانب یمن کے مسلح گروہوں نے بھی اسرائیل پر پے در پے ڈرون اورمیزائل حملوں کی ویڈیو جاری کردی ہے۔ انصار اللہ کے ترجمان بریگیڈیر جنرل یحیی ساری نے کہا کہ ان کے اہلکاروں نے اسرائیل کے اہداف پر بیلسٹک اور کروز میزائل داغے ہیں اور یہ اقدام سید عبدالمالک الحوثی کے احکامات پر کیا گیا ہے۔
حوثیوں کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل نے بحیرہ احمر میں میزائل بردار کشتیاں تعینات کردیں ہیں جبکہ سلطنت عمان نے اسرائیلی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دیں ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے غزہ میں گھسنے والے اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کرنے کی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ القسام کے جنگجو سرنگ سے نکل کر اسرائیلی ٹینکوں کو ٹینک شکن میزائلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کر رہے ہیں۔
ویڈیو جاری کرنے سے کچھ دیر قبل حماس کے پولیٹیکل آفس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا تھا کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمت کار تمام محاذوں پر اسرائیلی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بہت جلد غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حقیقی نقصانات کا پردہ فاش کریں گے۔
خیال رہے کہ غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج کو سخت جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور گزشتہ دو روز میں اس کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔