02 نومبر ، 2023
غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت پر اقوام متحدہ کا کہنا ہےکہ جبالیا پر اسرائیلی حملے ’جنگی جرم‘ ہو سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تقریباً ایک ماہ سے جاری جنگ کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، حال ہی میں اسرائیل کے غزہ کے پناہ گزینوں کے کیمپ جبالیا پر حملے جنگی جرم کے مترادف ہوسکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ جبالیا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد عام شہریوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں اور تباہی کو دیکھتے ہوئے ہمیں شدید خدشات ہیں، یہ غیر مناسب حملے ہیں جو جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جبالیا کیمپ غزہ شہر کا بڑی آبادی والا کیمپ تھا اور اسرائیلی بمباری کی وجہ سے وہ ملبے کا ڈھیر بن گیا اور مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جبالیا کیمپ میں بسنے والے 195 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 700 سے زائد زخمی ہیں۔