Time 02 نومبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کا غزہ کے جبالیا پناہ گزین کیمپ پر تین دن میں تیسرا حملہ

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جبالیا  پناہ گزین کیمپ پر تین دن میں تیسرا حملہ کیا گیا ہے، تین روز  میں ہوئے حملوں میں شہدا کی تعداد 200 سے زیادہ ہوگئی  ہے  جب کہ 700  سے  زیادہ  زخمی  اور  100 سے  زیادہ لاپتہ ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جبالیا پناہ گزین کیمپ  پر  ایک بار  پھر بمباری  سے  مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔ منگل اور بدھ کو جبالیا کیمپ پر بمباری میں 200  تک افراد  شہید اور 777 زخمی ہوئے تھے۔

غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت پر اقوام متحدہ کا کہنا ہےکہ جبالیا پر اسرائیلی حملے ’جنگی جرم‘ ہو سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تقریباً ایک ماہ سے جاری جنگ کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، حال ہی میں اسرائیل کے غزہ کے پناہ گزینوں کے کیمپ جبالیا پر حملے جنگی جرم کے مترادف ہوسکتے ہیں۔

اسرائیلی کی جانب سے غزہ میں اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ کے واحد کینسر اسپتال سمیت 35 اسپتالوں میں سے تقریباً نصف بند ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول پر بھی اسرائیلی فضائیہ کی بم باری ہوئی ہے۔

 سات اکتوبر سے اسرائیلی بم باری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے اوپر ہوگئی ہے۔ شہدا میں 3 ہزار 700 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :