03 نومبر ، 2023
اسلام آباد: کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین پر3 روپے فی یونٹ کا بوجھ ڈال دیا گیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک کو صنعتی صارفین سے سبسڈی کی مد میں 3 روپے فی یونٹ واپس لینے کا فیصلہ جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے جولائی تا دسمبر 2019 انڈسٹریل ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا، پیکیج کا اطلاق پیک آورز اور آف پیک آورز کیلئے تھا تاہم حکومت نے 22 جنوری 2020 کو آف پیک آورز کیلئے رعایت کو ختم کر دیا تھا۔
وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد کے الیکٹرک نے سبسڈی کی رقم کی وصولی شروع کر دی تھی تاہم عدالت میں چیلنج ہونے پر سبسڈی کی وصولی روک دی گئی تھی۔
نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی دینے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے، نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے بعد کراچی کے صنعتی صارفین سے رقم کی واپسی شروع کر دی جائے گی۔