Time 05 نومبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی وزیر تباہ حال غزہ پر ایٹم بم گرانے کی باتیں کرنے لگے

انتہاپسند اسرائیلی وزیر امیچے الیاہو AMICHAI ELIYAHU صیہونی بمباری سے تباہ حال غزہ پر ایٹم بم گرانے کی باتیں کرنے لگے۔

ایک انٹرویو کے دوران انتہاپسند اسرائیلی وزیر AMICHAI ELIYAHU کا کہنا تھا غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں ہے، فلسطینیوں کو آئرلینڈ یا کسی صحرا چلے جانا چاہیے۔

بعد ازاں اسرائیلی وزیر غزہ پر ایٹم بم گرانے کے اپنے بیان سے مکر گئے اور کہا کہ ایٹم بم استعمال کرنے کی بات میں نے استعارے کے طور پر کہی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر ایٹمی حملے کی بات کرنے والے اسرائیلی وزیر پر اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر الیاہو کا بیان حقیت پسندانہ نہیں ہے، اسرائیلی فورسز غزہ میں معصوم لوگوں کو نقصان پہنچانے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق آپریشن کر رہی ہے جو ہماری فتح تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں شہری آبادی کے ساتھ ساتھ اسپتالوں، اسکولوں اور مہاجرین کیمپوں سمیت قبرستانوں پر بھی بمباری کر رہی ہے اور 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بربریت میں اب تک 3500 سے زائد بچوں اور 2000 سے زائد خواتین سمیت 9 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :