Time 05 نومبر ، 2023
دنیا

وسطی افریقی ملک چاڈ نے بھی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

چاڈ نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلالیا—فوٹو: فائل
چاڈ نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلالیا—فوٹو: فائل

وسطی افریقا کے ملک چاڈ نے بھی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چاڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی افریقی ملک نے  غزہ میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی وجہ سے  اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے  غزہ میں معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ چاڈ مشرق وسطیٰ کی صورت حال، خاص طور پر غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر چاڈ نے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے اسرائیل سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خارجہ نےکہا کہ غزہ میں ایسی جنگ بندی کی جائے جو فلسطین کے مستحکم حل کی طرف جائے۔

واضح رہے کہ اردن، بحرین،ترکیے، ہنڈورس،چلی،کولمبیا بھی اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں جبکہ بولیویا اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کر چکا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں شہری آبادی کے ساتھ ساتھ اسپتالوں، اسکولوں اور مہاجرین کیمپوں سمیت قبرستانوں پر بھی بمباری کر رہی ہے اور 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بربریت میں اب تک 3500 سے زائد بچوں اور 2000 سے زائد خواتین سمیت 9 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :