06 نومبر ، 2023
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے فلسطینی سیاسی جماعت الفتح کے رہنما کو براہ راست انٹرویو کے دوران گرفتار کر لیا جبکہ صیہونی فورسز نے مغربی کنارے سے ایک حاملہ خاتون صحافی کو بھی حراست میں لے لیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے الفتح رہنما رفت اولیان کو ٹی وی پر لائیو انٹرویوکے دوران گرفتار کر لیا، رفت اولیان مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے گھر میں میڈیا کو لائیو انٹرویو دے رہے تھے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر توبس سے خاتون صحافی کو بھی گرفتار کر لیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق فلسطینی خاتون صحافی سمیہ جوابریح کو توبس میں الفارع کیمپ سے گرفتار کیا گیا، خاتون صحافی سمیہ جوابریح 7 ماہ کی حاملہ ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور صیہونی فورسز نے چھاپوں کے دوران فلسطینی حکومت کے ایک مشیر کو گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رام اللہ میں ایک چھاپے کے دوران ممتاز فلسطینی کارکن عہد تمیمی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ مغربی کنارےمیں اسرائیلی فوج کے رات گئےچھاپوں میں 50 فلسطینیوں کو گرفتار کیاگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کے بعد سیٹلائٹ کمپنیوں نے غزہ کی تصویروں کو محدود کر دیا ہے کیونکہ غزہ کی سیٹلائٹ تصاویر نے امریکی سکیورٹی حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 19 اکتوبر کو نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں اسرائیلی ٹینکوں کی پوزیشنوں کی تفصیلی تصاویر شامل تھیں، ان کمپنیوں نے یوکرین جنگ کے دوران روسی افواج کی تصویریں جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ادھر غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس آج ہو گا، سلامتی کونسل کا اجلاس متحدہ عرب امارات اور چین کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔