07 نومبر ، 2023
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت میں مہنگے کپڑوں اور زیورات کی خریداری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے کھلاڑیوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والی پی آر کمپنی کی انسٹا اسٹوری کو ری شیئر کیا اور ان خبروں کی تردید کردی۔
اس اسٹوی میں لکھا گیا ہے کہ ہم مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہیں جن کے مطابق ورلڈکپ کے دوران بابراعظم بھارت میں مہنگے کپڑوں اور زیورات کی خریداری میں مصروف ہیں۔
اسٹوری کے مطابق یہ خبریں خود بابر اعظم کے لیے بھی حیران کُن ہیں، ہم ان تمام گردشی اور بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہیں۔
انہوں نے کسی بھی پروپیگنڈا اور غلط خبروں سے بچنے کے لیے خبر کی تصدیق پر زور دیا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے کپتان بابر اعظم سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے بھارت میں جاری ورلڈکپ 2023 کے دوران معروف فیشن ڈیزائنر سبیاساچی کی شیروانی خریدی ہے جس کی مالیت 7 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے ان گردشی خبروں کی جیو پہلے ہی تردید کرچکا ہے تاہم اب خود کپتان بابر اعظم نے بھی انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔