07 نومبر ، 2023
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 38 ویں میچ میں سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجیلو میتھیوز کو ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دے دیا گیا جس کے بعد وہ اس طرح آؤٹ ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دی لیکن میچ کے دوران سری لنکن اننگز میں ایک ایسا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جو آئی سی سی کے قانون کے مطابق تو تھا لیکن اسپورٹس مین اسپرٹ کے بالکل خلاف تھا۔
25 ویں اوور میں سمارا وکراما کے آؤٹ ہونے کے بعد اینجیلو میتھیوز نے میدان میں آنے کے لیے کچھ وقت لیا اور پھر ان کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا، جیسے ہی سری لنکن آل راؤنڈر نے نئے ہیلمٹ کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا تو شکیب سمیت بنگلا دیشی ٹیم نے ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دیے جانے کی اپیل کردی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔
یہ دیکھ کر ناصرف اینجیلو میتھیوز بلکہ سری لنکن کھلاڑی بھی صدمے میں آگئے جب کہ دنیائے کرکٹ کے سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر، ہربھجن سنگھ اس کے علاوہ آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ سمیت نے بنگلادیش کے اس عمل کی مذمت کی۔
حالانکہ میچ کے دوران اینجیلو میتھیوز نے فیصلے کے خلاف اپیل کی لیکن امپائر نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا، اس دوران ان کی امپائرز سے بحث بھی ہوئی لیکن فیصلہ نہ تبدیل ہوا۔
اس تنازع پر میتھیوز نے میچ کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنس کے دوران ردعمل دیا، صحافی کے سوال کے جواب میں آل راؤنڈر نے کہا 'میرے پاس کریز پر آنے اور خود کو تیار کرنے کے لیے 2 منٹ تھے اور میں ان 2 منٹ میں ہی گراؤنڈ میں آیا لیکن پھر ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا جس میں میری کوئی غلطی نہیں تھی'۔
میتھیوز نے مزید کہا کہ 'میں نے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر میں کبھی کسی ٹیم کو اتنا نیچے گرتا نہیں دیکھا اور مجھے نہیں معلوم کہ ان سب کی عقل کہاں گئی کیونکہ ظاہر ہے یہ شکیب اور بنگلا دیش کی جانب سے ذلت آمیز حرکت ہے، اگر وہ اس طرح کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ اس میں بہت بڑی غلطی ہے، میرا ہیلمٹ ٹوٹنے کے بعد میرے پاس 5سیکنڈ باقی تھے' ۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے اینجیلو میتھیوز کے ٹائم آؤٹ پر بننے والے تنازع پر کہا کہ 'یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی'۔
شکیب نے مزید کہا 'جب میتھیوز کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹا تو ہمارا ایک پلیئر میرے پاس آیا اور کہا کہ اگر میں ٹائم آؤٹ کی اپیل کرتا ہوں تو وہ آؤٹ ہوجائیں گے، امپائر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں سنجیدہ ہوں؟ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ صحیح ہے یا غلط، جب ہم فیلڈ میں تھے مجھے ایسا لگا جیسے میں جنگ میں ہوں'۔