Time 07 نومبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 56 مساجد شہید، 122 اسکول اور ہزاروں رہائشی عمارات تباہ

غزہ میڈیا آفس نے ایک بیان میں یہ تفصیلات بتائیں / فوٹو بشکریہ Anadolu Agency
غزہ میڈیا آفس نے ایک بیان میں یہ تفصیلات بتائیں / فوٹو بشکریہ Anadolu Agency

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو 32 روز ہوگئے ہیں جس کے دوران ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

غزہ کے حکومتی میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی بمباری کے باعث اوسطاً ہر منٹ میں ایک زخمی اسپتال پہنچتا ہے جبکہ ہر گھنٹے 15 میتیں اسپتالوں میں پہنچائی جاتی ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہر گھنٹے اوسطاً 5 خواتین اور 6 بچے شہید ہو رہے ہیں۔

اسی طرح غزہ کی لگ بھگ 70 فیصد آبادی اسرائیلی بمباری کے باعث بے گھر ہوچکی ہے۔

بیان کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی جانب سے 30 ہزار ٹن بارود غزہ میں برسایا گیا ہے اور اوسطاً ہر اسکوائر کلومیٹر پر 80 ٹن بارود کا استعمال کیا گیا۔

اس عرصے میں 50 فیصد اسپتال جبکہ 62 فیصد طبی مراکز بمباری یا ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے بند ہوچکے ہیں۔

غزہ میڈیا آفس کے مطابق ایک ماہ سے زائد عرصے کے دوران 2 لاکھ 22 ہزار رہائشی عمارات اسرائیلی بمباری سے متاثر ہوئیں جن میں سے 10 ہزار مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

بیان کے مطابق اسرائیلی بمباری سے اب تک 222 اسکول تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 60 تعلیمی ادارے بمباری کے باعث بند ہو چکے ہیں۔

اسی طرح 88 حکومتی عمارات بھی اب تک تباہ ہوچکی ہیں۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسرائیلی جارحیت سے 192 مساجد کو نقصان کو پہنچا ہے جن میں سے کم از کم 56 مساجد شہید ہوچکی ہیں جبکہ 3 گرجا گھر منہدم ہوئے۔

مزید خبریں :