07 نومبر ، 2023
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے اسموگ ایڈوائزری جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ ہفتےوسطی،جنوبی پنجاب میں اسموگ خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ، ملتان،لاہور، بہاولپور،فیصل آباد میں اسموگ خطرناک حد تک جاسکتی ہے، سرگودھا،ڈی جی خان،ساہیوال ڈویژن بھی اسموگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن میں بھی ائیرکوالٹی انڈیکس معتدل سے خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
ایڈوائزری میں عوام سے کہا گیا ہے کہ بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں،باہر جاتے وقت ماسک پہنیں، مقامی ہوا کے معیار کی سطح کے بارے میں آگاہ رہیں، نظام تنفس کو اسموگ کے اثرات سے بچانے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ کریں۔
واضح رہے کہ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ کے پیشِ نظر جمعے کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 10 نومبر جمعے کو لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع ، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور حافظ آباد کے اضلاع میں اسموگ کے پیشِ نظر چھٹی کا اعلان کر دیا۔