Time 08 نومبر ، 2023
کھیل

پی سی بی نے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا۔

کچھ روز قبل انضمام الحق کا ایک کمپنی کے ساتھ شیئرہولڈرہونےکا معاملہ سامنے آیا تھا تاہم انضمام الحق کمیٹی کی تشکیل سے پہلے ہی چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

پی سی بی نے ٹیم کے انتخاب کے عمل اور مفادات کےٹکراؤ کے حوالے سے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن  انضمام الحق کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا۔

تاہم ذرائع کا کہناہے کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے ٹی وی پروگرام میں بورڈ قوانین کے منافی گفتگو کی، پاکستان کرکٹ بورڈ ان  سے متعلق تحقیقات جاری رکھے گا، انضمام الحق نے ٹی وی انٹر ویو میں کہا کہ وہ مزیدکام نہیں کرنا چاہتے، ان کے استعفے کے بعد ان کی سلیکشن کمیٹی کا برقرار رہنا بھی مشکل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق کے رویے سے شدید ناخوش ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بدھ کو جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور کرکٹ بورڈ دونوں کو نشانے پر لیا۔

انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران الزامات تو لگا دیے گئے لیکن بورڈ اب انکوائری کے لیے نہیں بلا رہا ، نہ رابطہ کر رہا ہے اور نہ ای میلز کا جواب دے رہا ہے ، نہ بورڈ یہ بتا رہا ہے کہ کس چیز کی انکوائری ہو رہی ہے، استعفیٰ منظور نہ ہونے کا بھی ٹی وی سے علم ہوا۔

سابق چیف سلیکٹر انضمام نے کہا کہ دوبارہ ذمہ داری سنبھالنے کا کہیں تو مجھے نہیں ماننا چاہیے، ٹیم وطن واپس آئے گی تو جو فیصلہ کرنا ہے کرلیں۔

انضمام الحق کے انٹرویو پر پی سی بی کا ردعمل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انضمام الحق کی ای میل کل موصول ہوئی ، یقینی جواب دیں گے، تحقیقات مفادات کے تصادم کی ہو رہی ہیں اور یہ انضمام کوپتہ ہے، تمام تحقیقات مکمل ہونے پر ان کو بتایا جائے گا اور انہیں بلایا بھی جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی ترقی میں انضمام الحق اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پی سی بی کی نیت خراب ہوتی تو انضمام الحق کو ہٹا دیتے ، تحقیقات نیک نیتی کی بنیاد پر کر رہے ہیں، انضمام الحق کو عزت دینے کی وجہ سے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔

انضمام الحق کے انٹرویو کے بعد پی سی بی نے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔

مزید خبریں :