09 نومبر ، 2023
لاہور: پنجاب حکومت نے اسموگ کے باعث لگائے جانے والے لاک ڈاؤن میں تبدیلی کردی۔
صوبائی حکومت کے محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر پنجاب نے ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیاجس میں کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز کو بھی کام کی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 8 اضلاع میں مارکیٹس کو آج اور کل کھولنے کی اجازت دے دی گئی جب کہ شاپنگ مالز اور مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گی، آج اور کل شاپنگ مال اور مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورینٹس، سنیما اور جِم بھی آج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد اور سیالکوٹ پر بھی ہو گا۔
پنجاب کے 5 اضلاع میں لاک ڈاؤن
واضح رہےکہ پنجاب میں اسموگ کے باعث گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت 10 نومبر سے 12 نومبر تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، نارووال ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام اسکول، دفاتر، مارکیٹیں، تفریحی مقامات ، شادی ہال،سنیماگھر بند رہیں گے جب کہ فصلوں کی باقیات ، کوڑا کرکٹ جلانے پر دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
اس سے قبل نگران پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ کے پیشِ نظر جمعے کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔