کھیل
Time 11 نومبر ، 2023

انگلینڈ سے شکست پر پاکستان کا ورلڈکپ کا سفر پانچویں پوزیشن کیساتھ اختتام پذیر

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جارہا ہے__فوٹو: ای ایس پی این
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جارہا ہے__فوٹو: ای ایس پی این

ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رن سے شکست دے کر پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا۔

ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا تھا، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ ہدف 6.4 اوور میں پورا کرنا تھا تاہم پاکستان اس ناممکن کو ممکن نہیں کرسکا اور سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور پانچویں پوزیشن کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز  اسٹیڈیم میں کھیلےگئےمیچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی اننگز:

انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رن بنائے۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 82 رن پر گری، افتخار احمد نے ڈیوڈ ملان کو 31 رن پر آؤٹ کیا، بعدازاں حارث رؤف نے جونی بیئر اسٹو کو 59 رن پر پویلین لوٹایا۔

بین اسٹوکس نے 84 رن کی اننگز کھیلی، انہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کیا، جوروٹ 60 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ہیری بروک نے 30 اور  جوز بٹلر نے27 رن بنائے، معین علی 8 رن بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے3، محمد وسیم نے3، شاہین آفریدی نے 2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز: 

انگلینڈکے 338 رن کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 43.3 اوور میں 244 رن پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 51 ، بابراعظم نے 38 اور محمد رضوان  نے 36 رن بنائے۔

 حارث رؤف  نے35، سعود شکیل نے 29، شاہین شاہ آفریدی نے 25، شاداب خان نے4، افتخار احمد نے 3 اور فخر زمان نے ایک رن بنایا جب کہ عبد اللہ شفیق صفر  پر آؤٹ ہوئے۔

ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کا یہ آخری میچ  تھا، پاکستان اور انگلینڈ دونوں نے نو،نو  میچ کھیلے ، پاکستان نے اپنے 4 اور انگلینڈ نے اپنے 3 میچ جیتے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچویں اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔

مزید خبریں :